ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کی سالانہ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارتی ایتھلیٹس مثبت ڈوپنگ ٹیسٹ کے معاملے میں مسلسل تیسرے سال بھی دنیا بھر میں سرفہرست رہے ہیں۔ واڈا کی جانب سے 2024 میں دنیا بھر میں ہونے والے ڈوپنگ ٹیسٹس کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق مختلف کھیلوں میں سب سے زیادہ مثبت ڈوپنگ کیسز بھارتی ایتھلیٹس کے سامنے آئے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے سال 2024 کے دوران مجموعی طور پر 7 ہزار 113 ڈوپ ٹیسٹ کیے، جن میں سے 260 ٹیسٹ مثبت قرار پائے۔ اس طرح مثبت ڈوپنگ کیسز کی تعداد کے لحاظ سے بھارت مسلسل تیسرے سال پہلے نمبر پر رہا، جو بھارتی کھیلوں کے نظام اور اینٹی ڈوپنگ اقدامات پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔
واڈا کی فہرست میں فرانس 91 مثبت ڈوپنگ ٹیسٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ اٹلی 85 مثبت کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ ماہرین کے مطابق اگرچہ ٹیسٹس کی تعداد بھی نتائج پر اثر انداز ہوتی ہے، تاہم بار بار سرفہرست آنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بھارت میں ڈوپنگ کے مسئلے پر مؤثر کنٹرول اور آگاہی کی شدید کمی موجود ہے۔
رپورٹ میں پاکستان سے متعلق بھی اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق 2024 کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 13 مثبت ڈوپنگ ٹیسٹ رپورٹ ہوئے۔ کھیلوں کے مبصرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ تعداد کم ہے، تاہم اس کے باوجود پاکستان کو بھی اینٹی ڈوپنگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور ایتھلیٹس کی تربیت پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
واڈا کی یہ رپورٹ عالمی کھیلوں میں شفافیت، ایمانداری اور صحت مند مقابلے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، جبکہ متعلقہ ممالک کے لیے یہ ایک واضح پیغام بھی ہے کہ ڈوپنگ کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی اور سخت اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

