پاکستان نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے داعش خراسان کے ترجمان دہشت گرد خارجی سلطان عزیز عزام کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے کی گئی، جسے عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کی اینالیٹیکل سپورٹ اینڈ سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ کے مطابق سلطان عزیز عزام داعش خراسان کا ترجمان تھا اور تنظیم کے میڈیا ونگ کا بانی بھی رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سلطان عزیز عزام داعش خراسان کی نظریاتی اور ابلاغی سرگرمیوں میں مرکزی کردار ادا کر رہا تھا اور تنظیم کے بیانیے کو فروغ دینے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کرتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سلطان عزیز عزام کی سربراہی میں قائم العزام فاؤنڈیشن داعش خراسان کی بھرتی اور پروپیگنڈا کی مرکزی تنظیم سمجھی جاتی تھی۔ اس فاؤنڈیشن کے ذریعے نوجوانوں کو شدت پسندی کی طرف راغب کیا جاتا اور تنظیم کے لیے افرادی قوت اور مالی وسائل اکٹھے کیے جاتے تھے۔ سلطان عزیز عزام کی گرفتاری کے بعد داعش خراسان کی میڈیا سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں اور متعدد پلیٹ فارمز مکمل طور پر معطل ہو چکے ہیں۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی اس کارروائی کے نتیجے میں داعش خراسان کے تنظیمی ڈھانچے کو عالمی سطح پر کمزور کر دیا گیا ہے۔ تنظیم کے کئی دہشت گرد حملوں کے منصوبے ناکام بنائے گئے ہیں، اہم کمانڈرز اور نظریاتی رہنماؤں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جبکہ تنظیم کے جنگجوؤں کی مجموعی تعداد میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی خطے اور دنیا بھر میں دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں میں پاکستان کے فعال اور مؤثر کردار کی عکاس ہے، جس سے نہ صرف داعش خراسان بلکہ دیگر شدت پسند تنظیموں کو بھی شدید دھچکا پہنچا ہے۔

