جماعت اسلامی نے کراچی میں ہیوی ٹریفک حادثات میں بڑھتی اموات، ای چالان نظام اور حکومتی رویے کے خلاف آج اہم مقامات پر دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہر کی بڑی اور مرکزی شاہراہوں سمیت اہم پبلک مقامات پر شام 5 بجے احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے، جن کا مقصد ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع، ناقص ٹریفک نظام اور حکومتی بے حسی کے خلاف عوامی آواز بلند کرنا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نورانی کباب ہاؤس چورنگی، شاہراہ قائدین پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کریں گے اور عوام کو درپیش مسائل پر جماعت اسلامی کے مؤقف سے آگاہ کریں گے۔
جماعت اسلامی کے مطابق دیگر جن مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے ان میں اسٹارگیٹ شاہراہِ فیصل، ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، داؤد چورنگی، کورنگی کراسنگ، تبت سینٹر، موسمیات، پاور ہاؤس چورنگی، حب ریور روڈ، پراچہ چوک شیر شاہ، حیدری نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد 10 نمبر، سہراب گوٹھ اور اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر شامل ہیں۔
جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہیوی ٹریفک کے باعث روزانہ قیمتی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے، جبکہ حکومتی ادارے مؤثر اقدامات کے بجائے محض ای چالان کے ذریعے عوام پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے موجودہ نظام کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت مختلف شہروں میں احتجاجی سرگرمیوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

