فٹبال کے عالمی سپر اسٹار لیونل میسی کو بھارت کے ارب پتی صنعت کار اننت امبانی کی جانب سے ایک نہایت قیمتی اور نایاب گھڑی بطور تحفہ پیش کی گئی ہے، جس کی مالیت تقریباً 13 لاکھ امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 36 کروڑ 40 لاکھ روپے بنتی ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیونل میسی کو اپنے حالیہ دورۂ بھارت کے دوران اننت امبانی کی جانب سے یہ خصوصی گھڑی تحفے میں دی گئی۔ یہ گھڑی دنیا کی انتہائی محدود اور نایاب گھڑیوں میں شمار کی جاتی ہے، جس کے صرف 12 نمونے ہی عالمی سطح پر تیار کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے اس کی قدر اور اہمیت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔
میڈیا کے مطابق اس گھڑی میں بلیک کاربن فائبر سے تیار کردہ کیس موجود ہے، جبکہ اس کا اسکیلیٹن ڈائل اندرونی میکانزم کو نمایاں طور پر دکھاتا ہے، جو اسے نہ صرف تکنیکی لحاظ سے منفرد بناتا ہے بلکہ ڈیزائن کے اعتبار سے بھی انتہائی دلکش قرار دیا جا رہا ہے۔ گھڑی جدید انجینئرنگ اور لگژری کرافٹ مین شپ کا بہترین امتزاج سمجھی جاتی ہے۔
تحفہ ملنے کے بعد لیونل میسی کی اس گھڑی کو پہنے ہوئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔ مداحوں اور گھڑیوں کے شوقین افراد کی جانب سے اس گھڑی کو خوب سراہا جا رہا ہے، جبکہ کئی صارفین نے اسے لگژری لائف اسٹائل کی ایک شاندار مثال قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ اننت امبانی بھارت کے معروف صنعت کار مکیش امبانی کے صاحبزادے ہیں اور ان کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے۔ ان کی جانب سے عالمی شخصیات کو قیمتی تحائف دینا کوئی نئی بات نہیں، تاہم لیونل میسی کو دی جانے والی یہ گھڑی اپنی نایابی اور قیمت کے باعث خاص توجہ حاصل کر رہی ہے۔

