پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلح افواجِ پاکستان نے ملکی خودمختاری کا بھرپور دفاع کیا اور بھارت کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابی صرف جنگی نہیں بلکہ ایک بڑی اخلاقی فتح بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستانی قوم جب متحد ہوتی ہے تو اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
کیڈٹ کالج پٹارو میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کیڈٹس سے مخاطب ہو کر کہا کہ آج بھی پاکستان کو معاشی دباؤ سمیت مختلف اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم قوم کو مایوسی کے بجائے عزم، ہمت اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل انہی نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے جو شارٹ کٹ کے بجائے دیانت داری، ذاتی مفاد کے بجائے خدمت، اور آسان راستے کے بجائے جدوجہد کو ترجیح دیتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان نسل محنت، نظم و ضبط اور قربانی کے جذبے کو اپنا شعار بنائے۔ انہوں نے کیڈٹس کو تلقین کی کہ وہ خود کو نہ صرف ایک اچھا سپاہی بلکہ ایک ذمہ دار شہری بنانے پر بھی توجہ دیں، کیونکہ قوموں کی تعمیر کردار اور اصولوں سے ہوتی ہے۔
افواجِ پاکستان کے کردار پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارتی حملے کے جواب میں مسلح افواج نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور باہمی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واضح کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا بلکہ دنیا پر یہ واضح کر دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے ملکی خودمختاری کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے قوم کے سر فخر سے بلند کر دیے ہیں۔ بھارت کے خلاف حاصل ہونے والی یہ کامیابی ایک اخلاقی فتح بھی ہے، جس نے عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو تقویت دی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ جب ریاست، افواج اور عوام ایک صف میں کھڑے ہوں تو کوئی طاقت پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے بارہا ثابت کیا ہے کہ اتحاد، قربانی اور استقامت اس کی اصل طاقت ہے، اور یہی طاقت مستقبل میں بھی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے میں مدد دے گی۔

