آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ کے دوران سڈنی سکسرز کی نمائندگی کرنے والے پاکستان ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ایک بار پھر اپنے اعلیٰ اخلاق، عاجزی اور شائستگی سے مداحوں کے دل جیت لیے۔
بابر اعظم نے ایک ننھے فین کو ایسا خاص تحفہ دیا کہ بچہ خوشی سے جھوم اٹھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڈنی سکسرز کی جرسی پہنے بابر اعظم اپنے کِٹ بیگز کے ہمراہ بظاہر گراؤنڈ سے باہر موجود ہیں۔
ویڈیو میں ایک ننھا فین بابر اعظم کے پاس آتا ہے جبکہ بچے کے ساتھ موجود شخص اسٹار بیٹر سے اس بچے کے لیے کوئی مشورہ دینے کی درخواست کرتا ہے۔ اس موقع پر بابر اعظم نہایت شفقت اور مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیتے ہیں کہ بس بیٹنگ کو انجوائے کرے، یہ ابھی بچہ ہے، مشوروں کی زیادہ ضرورت نہیں، بس کھیل سے لطف اٹھائے۔
اسی دوران بابر اعظم اپنا کٹ بیگ کھولتے ہیں اور اپنے بیٹنگ دستانے ننھے فین کو تحفے میں دے دیتے ہیں۔ یہ منظر دیکھ کر بچہ خوشی سے نہال ہو جاتا ہے جبکہ اردگرد موجود افراد بھی بابر اعظم کے اس عمل کو سراہتے نظر آتے ہیں۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے اور مداحوں کی جانب سے بابر اعظم کے اس خوبصورت اقدام کی بھرپور تعریف کی جا رہی ہے۔ شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نہ صرف میدان میں اپنی شاندار بیٹنگ بلکہ میدان کے باہر اپنے اخلاق، عاجزی اور مداحوں سے محبت کی وجہ سے بھی دلوں پر راج کرتے ہیں۔
مداحوں نے اس عمل کو بابر اعظم کی شخصیت کا اصل عکس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہی وہ رویہ ہے جو نوجوان کھلاڑیوں اور بچوں کے لیے بابر کو ایک حقیقی رول ماڈل بناتا ہے۔

