بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں عبرتناک شکست ہضم نہ ہو سکی، جس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی ٹیم کی ایونٹ میں مجموعی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹس کی رپورٹس کے مطابق پاکستان کے خلاف انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں 191 رنز کی بدترین شکست کے بعد بھارتی ٹیم کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جس کے پیشِ نظر ٹیم پرفارمنس کا تفصیلی تجزیہ کیا جائے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی اپیکس کونسل کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں ٹیم کے کھیل، حکمتِ عملی اور انتظامی معاملات پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ سب سے پہلے ٹیم مینیجر سے مکمل رپورٹ طلب کرے گا، جس میں کھلاڑیوں کی تیاری، میچ کے دوران فیصلوں اور مجموعی حکمتِ عملی کا جائزہ شامل ہوگا۔ اس کے علاوہ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہریشیکیش کانیتیکر اور کپتان ایوش مہاترے سے بھی انفرادی اور اجتماعی کارکردگی کے حوالے سے وضاحت لی جائے گی۔ بھارتی حکام اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ فائنل جیسے اہم میچ میں ٹیم اتنے بڑے مارجن سے شکست کا شکار کیوں ہوئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دی۔ پاکستانی ٹیم کی کامیابی میں سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ نے کلیدی کردار ادا کیا، جن کی جارحانہ اننگز کے سامنے بھارتی بولرز بے بس نظر آئے۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا اسکور بنایا، جس کے جواب میں بھارتی ٹیم دباؤ کا شکار ہو کر جلد آؤٹ ہو گئی۔
اس تاریخی فتح کے ساتھ پاکستان نے نہ صرف انڈر 19 ایشیا کپ کی ٹرافی اپنے نام کی بلکہ بھارت کو فائنل میں ریکارڈ 191 رنز سے شکست دے کر ایک واضح پیغام بھی دیا۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا اور سابق کرکٹرز بھی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور مستقبل میں بہتری کے لیے سخت فیصلوں کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

