پاکستان کے نامور سینئر اداکار فیصل قریشی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کچھ فنکاروں کے رویوں پر شکوہ بھی کیا۔
فیصل قریشی نے کہا کہ پاکستانی چینلز نے مختلف اقسام کے ڈرامے پیش کیے ہیں، جس کی وجہ سے پاکستانی عوام اپنے ڈراموں پر فخر محسوس کرتے ہیں، اور دیگر ممالک کے لوگ بھی ہمارے ڈراموں سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں جتنی پاکستانی فینز کرتے ہیں۔ اداکار نے مزید بتایا کہ انہوں نے ایک نیپالی شخص سے ملاقات کی، جو ہمارے ڈراموں کی تعریف کر رہا تھا، اسی طرح بنگلادیش، بھارت، ترکی اور دیگر ممالک میں بھی پاکستانی ڈرامے مقبول ہیں۔
تاہم، فیصل قریشی نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان میں لوگ ڈراموں کے ساتھ وہ رویہ نہیں رکھتے جو ان کی بین الاقوامی شہرت کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید ہونی چاہیے کیونکہ اس سے تکنیکی معیار بہتر ہوتا ہے، لیکن ضرورت سے زیادہ تنقید کرنے سے ڈرامے خراب ہو جاتے ہیں۔
اداکار نے نجی ٹی وی پروگرام میں سینئر فنکاروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات اداکاروں میں اکڑ دیکھنے کو ملتی ہے، جبکہ بھارتی فنکار زیادہ ملنسار اور خوش اخلاق نظر آتے ہیں۔ فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ شوبز میں بعض معاملات میں تعاون اور رویے کی بہتری کی ضرورت ہے تاکہ پاکستانی ڈراموں کی شہرت اور معیار برقرار رہے۔

