خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے اور بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہو چکا ہے۔



خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں سیاح بڑی تعداد میں برفباری کا لطف اٹھانے کے لیے لواری ٹنل کی جانب پہنچ گئے ہیں، جہاں برف سے ڈھکی سڑکیں اور پہاڑ سیاحوں کے لیے کشش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ سوات، کالام، مالم جبہ اور گردونواح کے پہاڑی علاقوں میں ہونے والی برفباری کے بعد ہر جانب سفیدی چھا گئی ہے، جس سے وادیوں کا حسن دوبالا ہو گیا ہے۔
ایبٹ آباد اور گلیات کے مختلف مقامات پر ہلکی بارش ہوئی، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بادل برسے، جس سے موسم خوشگوار مگر سرد ہو گیا۔
آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث وادیاں مکمل طور پر سفید چادر اوڑھ چکی ہیں۔ اپر نیلم، اڑنگ کیل اور دیگر بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے مقامی آبادی کو سرد موسم کا سامنا ہے جبکہ سیاح خوبصورتی سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
ادھر گلگت بلتستان کے علاقے چلاس کے بالائی مقامات پر گزشتہ رات سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ برفباری کے بعد بعض علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

