امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات نے ممکنہ پاک بھارت جنگ کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا اور لاکھوں انسانوں کی جانیں بچائیں۔
فلوریڈا میں وزیر جنگ اور وزیر بحری امور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے دنیا میں اب تک آٹھ جنگیں روکی ہیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی تنازعہ بھی شامل ہے۔ اس دوران ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ میں آٹھ طیارے گرائے گئے تھے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک قابل احترام شخصیت ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی جنگ رکوا کر انسانی جانوں کی حفاظت کی۔
پریس کانفرنس میں صدر ٹرمپ نے امریکی بحریہ کی طاقت کو مزید بڑھانے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں 100 گنا زیادہ طاقتور ٹرمپ کلاس بحری جہاز بنائے جا رہے ہیں اور 15 نئی آبدوزیں بھی تیار کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آبدوز سازی میں امریکا دنیا کے کسی بھی ملک سے تقریباً 15 سال آگے ہے اور چین یا روس کا مقابلہ نہیں کر سکتے، اور یہ آبدوزیں امریکا کے دشمنوں کے لیے خوف کا باعث بنیں گی۔
صدر ٹرمپ نے وضاحت کی کہ نئے جہاز وکٹری امریکی فوج کی طاقت کو قائم رکھنے اور امریکی جہاز سازی صنعت کی بحالی میں مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی بحریہ کو دنیا کی سب سے طاقتور بحریہ بنایا جا رہا ہے، اور بحریہ کے ہیڈکوارٹر کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سال قبل جو لوگ امریکا پر ہنستے تھے، آج وہ ہمارا احترام کرتے ہیں۔

