اسلام آباد: عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے اور ہم قومی ائیرلائن پی آئی اے کو دوبارہ عظیم بنانے کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔
اسلام آباد میں عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے قومی ائیرلائن پی آئی اے کو خریدنے کے لیے 135 ارب روپے کی کامیاب بولی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب کا کہنا تھا کہ آج کی نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے بولی کا کامیاب اور شفاف انعقاد کرایا، اس پورے عمل کا کریڈٹ پرائیویٹائزیشن کمیشن اور وفاقی کابینہ کو جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ائیرلائن کو دوبارہ عظیم بنانے کے لیے ہم پوری دیانت داری سے کام کریں گے، جس سے پاکستان کی معیشت کو بھی فائدہ ہوگا۔ ان کے مطابق اس نجکاری سے آئندہ مزید نجکاری کے راستے بھی کھلیں گے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔
عارف حبیب نے کہا کہ پرائیویٹائزیشن کمیشن نے شفاف طریقے سے سارا عمل مکمل کیا۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا اندازہ تھا کہ بولی 130 ارب روپے تک جائے گی، ہم شروع سے اس بات پر زور دے رہے تھے کہ ہم 100 فیصد شیئرز خریدنا چاہتے ہیں، تاہم معاہدے کے مطابق 12 فیصد پریمیئم کے ساتھ سوا سال میں پوری ادائیگی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کچھ ائیرلائنز کے ساتھ ابتدائی بات چیت بھی ہوچکی ہے اور اگلے مرحلے میں ہم کسی بین الاقوامی ائیرلائن کو شراکت دار کے طور پر شامل بھی کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حج اور عمرہ سمیت مذہبی سفر کے شعبے میں پی آئی اے کے پاس بہت بڑی صلاحیت موجود ہے، جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی قومی ائیرلائن کے لیے نہایت اہم ہوں گے۔
عارف حبیب نے کہا کہ موجودہ اور نئے پروفیشنل عملے کو یکجا کر کے بہتر کارکردگی دکھائی جائے گی۔ ہمارے پاس تجربہ کار اور قابل پروفیشنلز موجود ہیں اور ہمیں یہ موقع حاصل ہے کہ ہم موجودہ ٹیم کا اعتماد بحال کریں۔ پہلے جو لوگ مواقع سے محروم تھے اب انہیں آگے آنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب مل کر پاکستان کے لیے بڑے منصوبے کرنا چاہتے ہیں، ہمارا مؤقف ہے کہ ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا چاہیے۔ قومی ائیرلائن کے معاملے پر لکی گروپ سے بھی مشاورت کریں گے، بولی سے پہلے بھی لکی گروپ کو ساتھ ملانے پر بات ہوئی تھی۔
عارف حبیب کا کہنا تھا کہ ہم پی آئی اے کی عظمت کو بحال کریں گے، پاکستانی پروفیشنلز نے دنیا کے کئی ممالک میں ائیرلائنز کھڑی کی ہیں۔ ابھی تو ہمیں ٹاس جیتنے کی مبارک باد مل رہی ہیں، اصل امتحان اب شروع ہوگا، فیلڈنگ سیٹ کر کے میچ جیتنا ہے۔
واضح رہے کہ عارف حبیب کنسورشیم نے قومی ائیرلائن کی نجکاری کے تیسرے مرحلے میں 135 ارب روپے کی بولی دے کر پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز خریدنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
مشیر نجکاری کمیشن محمد علی کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن کی نجکاری حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق حکومت کا مقصد قومی ائیرلائن کو محض فروخت کرنا نہیں بلکہ اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کے عمل سے ملک میں سرمایہ کاری آئے گی اور پی آئی اے ماضی کی طرح ایک مضبوط ائیرلائن بن سکے گی۔
مشیر نجکاری کمیشن کے مطابق بولی سے حاصل ہونے والی رقم کا 92.5 فیصد حصہ قومی ائیرلائن کی بہتری، اصلاحات اور آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے پر خرچ کیا جائے گا۔

