وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پاکستان کی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں ہے۔
برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کا ماہر قرار دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جریدے نے ڈپلومیسی اور بھارت کے ساتھ ممکنہ کشیدگی میں کامیابیوں کا کریڈٹ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل کی رہنمائی میں پاکستان کی خارجہ پالیسی مضبوط اور مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
ادھر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی کی کامیابی کا کریڈٹ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر دونوں کو جاتا ہے۔ ان کے بقول، خارجہ پالیسی نے پاکستان کے عالمی تعلقات کو مستحکم کیا ہے، چین اور امریکا ہمارے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ عرب ممالک بھی پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی متاثر کن شخصیت کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بدلتے عالمی نظام میں مؤثر اسٹریٹجک رہنما قرار دیا اور کثیر الجہتی خارجہ پالیسی کا ماہر بھی قرار دیا۔

