کراچی میں نیشنل آئل ریفائنری کی پائپ لائن سے تیل چوری کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے مطابق نیشنل آئل ریفائنری کی اُس پائپ لائن سے تیل چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی جو پنجاب کی جانب جاتی ہے۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے نہ صرف چوری کی کوشش ناکام بنائی بلکہ اس میں ملوث 4 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔
ایس آئی یو حکام نے بتایا کہ ملزمان نے تیل چوری کے لیے تقریباً 140 میٹر لمبی زیر زمین سرنگ تعمیر کر رکھی تھی، جس کے ذریعے وہ ریفائنری کی لائن تک پہنچنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ یہ سرنگ ایک گودام کے اندر سے کھودی گئی تھی، جہاں سے پائپ لائن تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان نے گودام میں انتہائی مہارت سے گہری کھدائی کی تھی تاکہ کسی کو شک نہ ہو، تاہم بروقت انٹیلی جنس معلومات اور نگرانی کے باعث پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد تک بھی پہنچا جا سکے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں پائپ لائنز سے تیل چوری کے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن میں پورٹ قاسم سے ملتان جانے والی پارکو لائن سے تیل چوری کی کوشش اور پائپ لائن سے تیل چوری کرنے والے 8 ملزمان کی گرفتاری شامل ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں، اس لیے تیل چوری میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔

