پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے تمام موبائل سمز کی صارف کے اپنے نام پر رجسٹریشن کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق کسی اور کے نام پر رجسٹرڈ سم کا استعمال قانون کے خلاف ہے اور اس پر کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تمام سمز اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ کروائیں اور غیر قانونی یا کسی اور کے نام پر جاری سمز کے استعمال سے گریز کریں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سم کے کسی بھی غلط یا غیر قانونی استعمال کی مکمل ذمہ داری اس صارف پر عائد ہوگی جس کے نام پر سم رجسٹرڈ ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق صارفین اپنی سمز اور ٹیلی کام کنکشنز کے استعمال کے خود ذمہ دار ہوں گے، چاہے وہ کالز ہوں، میسجز ہوں یا انٹرنیٹ ڈیٹا کا استعمال۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ صارف کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی اے اس سے قبل غیر قانونی اور غیر تصدیق شدہ سمز کے خلاف مرحلہ وار بندش کا آغاز بھی کر چکی ہے، جس کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ، سائبر کرائم کی روک تھام اور ٹیلی کمیونیکیشن نظام کو محفوظ بنانا ہے۔ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت اپنی سمز کی تصدیق اور رجسٹریشن مکمل کروا کر ممکنہ مشکلات سے بچیں۔

