پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ہدایتکارہ انجلین ملک نے کینسر کو شکست دے کر زندگی کی ایک بڑی جنگ جیت لی ہے۔ انجلین ملک نے کینسر کی تشخیص کے بعد نہ صرف حوصلے کے ساتھ اس بیماری کا سامنا کیا بلکہ اس پورے سفر میں اپنے مداحوں کو اپنی صحت اور علاج کے مراحل سے بھی باقاعدگی سے آگاہ کرتی رہیں۔
حال ہی میں انجلین ملک نے کینسر سے نجات حاصل کرنے کی خوشخبری سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ شیئر کی۔ اس حوالے سے انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کا حالیہ میڈیکل اسکین کلیئر آیا ہے اور وہ اس وقت کینسر سے پاک ہیں۔ اداکارہ نے اس موقع کو اپنی زندگی کی ایک بڑی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اگرچہ ایک سنگِ میل ہے لیکن ان کا سفر ابھی جاری ہے۔
انجلین ملک نے ویڈیو میں بتایا کہ طبی لحاظ سے کسی مریض کو مکمل طور پر کینسر سے پاک قرار دینے کے لیے صاف اسکین کا سلسلہ 2 سے 5 سال تک جاری رہتا ہے اور بعض اوقات یہ مدت 10 سال تک بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام طبی عمل کے باوجود اس وقت ان کے تمام اسکین کلیئر ہیں، اسی لیے وہ خود کو کینسر سے پاک کہہ سکتی ہیں۔ اداکارہ نے اس کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے ڈاکٹروں، اہلِ خانہ اور مداحوں کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ کینسر کے اس سفر میں کچھ دن امید اور حوصلہ لے کر آتے ہیں جبکہ کچھ دن خوف اور بے یقینی سے بھرے ہوتے ہیں، مگر انہوں نے ہر مرحلے پر ہمت اور صبر کے ساتھ حالات کا سامنا کیا۔ انجلین ملک کا کہنا تھا کہ وہ آج کے دن پر شکر گزار ہیں، آنے والے کل کے لیے خود کو تیار رکھتی ہیں اور کبھی ہمت نہ ہارنے کے جذبے پر یقین رکھتی ہیں۔
انجلین ملک کی اس حوصلہ افزا اور مثبت پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں، شوبز شخصیات اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ صارفین ان کی صحتیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے مزید اچھی صحت اور طویل عمر کی دعائیں کر رہے ہیں۔ انجلین ملک کی یہ جدوجہد اور کامیابی کینسر کے خلاف لڑنے والے دیگر مریضوں کے لیے بھی امید اور حوصلے کی ایک روشن مثال بن گئی ہے۔

