دبئی میں لگژری گاڑیوں کی خصوصی نمبر پلیٹس کی سب سے مہنگی نیلامی کا انعقاد ہوا، جس نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی۔
عرب میڈیا کے مطابق دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی 120 ویں اوپن نمبر پلیٹ نیلامی میں مجموعی طور پر 10 کروڑ 90 لاکھ درہم (تقریباً 8 ارب 28 کروڑ پاکستانی روپے) کی مالیت کی نمبر پلیٹس فروخت ہوئیں۔
نیلامی میں سب سے مہنگی نمبر پلیٹ 96 لاکھ 60 ہزار درہم میں فروخت ہوئی، جو پاکستانی روپے میں تقریباً 74 کروڑ بنتی ہے۔ دوسری سب سے قیمتی نمبر پلیٹ 80 لاکھ درہم سے زائد میں بکی، یعنی تقریباً 61 کروڑ پاکستانی روپے۔ ایک نمبر پلیٹ 67 لاکھ 40 ہزار درہم (تقریباً 51 کروڑ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوئی، جبکہ ایک اور نمبر پلیٹ تقریباً 33 کروڑ پاکستانی روپے میں نیلام کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نیلامی میں دو سے پانچ ہندسوں پر مشتمل 90 خصوصی نمبر پلیٹس پیش کی گئیں، جسے اب تک کی سب سے بڑی نمبر پلیٹس نیلامی قرار دیا جا رہا ہے۔ دبئی میں نمبر پلیٹس کی یہ نیلامیاں عموماً سرمایہ کاروں اور لگژری گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے منعقد کی جاتی ہیں اور ان کی قیمتیں کئی گنا بڑھ جاتی ہیں۔
یہ تقریب دبئی میں لگژری گاڑیوں کے شوق اور خصوصی شناخت کے لیے شہریوں اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے رجحان کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

