بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کے انتقال کے سوگ میں بنگلادیش پریمیئر لیگ (BPL) کے تمام میچز ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (BCB) نے تصدیق کی ہے کہ میچز کے از سر نو شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ یہ اقدام ملک کی سابق وزیر اعظم کے لیے اظہارِ تعزیت اور سوگ کی علامت کے طور پر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ وہ جگر کے عارضے سمیت کئی پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے دارالحکومت ڈھاکا کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔ ان کا انتقال مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے ہوا۔
خالدہ ضیا بنگلا دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم اور مسلم دنیا میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز رکھتی ہیں۔ ان کے انتقال پر ملک بھر میں سیاسی اور عوامی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

