سال 2025 کھیلوں کے لحاظ سے پاکستان کے لیے ایک سنہری سال ثابت ہوا، کئی میدانوں پر پاکستان کا نام روشن ہوا اور قومی ٹیموں نے اہم عالمی و علاقائی مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
کامن ویلتھ بیچ ہینڈ بال میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ والی بال ٹیم نے بھی شاندار کھیل پیش کیا اور ایشین نیشنز کپ میں دوسرے نمبر پر رہی، فائنل میں پاکستان کو بحرین سے شکست ہوئی لیکن مسلسل دوسری بار سلور میڈل جیت کر اپنی قابلیت ثابت کی۔ علاوہ ازیں، پاکستان نے ایشین انڈر سکسٹین والی بال ٹائٹل بھی اپنے نام کیا، جہاں تھائی لینڈ میں فیوچر اسٹارز نے دفاعی چیمپئن ایران کو ہرایا اور ٹرافی حاصل کی۔
سنکر ٹیم نے بھی 2019 کے بعد پہلی بار ورلڈکپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، جہاں اسجد اقبال اور محمد آصف کی جوڑی نے فائنل میں ہانگ کانگ کو شکست دی۔
اولمپک چیمپئن ارشد ندیم نے دو گولڈ میڈل جیتنے میں کامیابی حاصل کی؛ پہلے وہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فاتح بنے اور بعد ازاں اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اس کے علاوہ سلور میڈل بھی پاکستان ہی کے یاسر سلطان کے حصے میں آیا۔
اس طرح سال 2025 میں پاکستان نے کھیلوں کے میدان میں عالمی اور علاقائی سطح پر اپنی پوزیشن مضبوط کی اور شائقین کو فخر سے بھر دیا۔

