جرمنی کے شہر گیلسن کرچن میں بینک لوٹنے کی ایک انوکھی واردات ہوئی، جس میں چوروں نے دیوار میں سوراخ کرکے اسپارکاس بینک کی ایک برانچ سے 10 ملین یوروز اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چوروں نے کرسمس کی چھٹی کے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ واردات کی۔ پولیس نے بتایا کہ چوری کی خبر اس وقت سامنے آئی جب بینک کا فائر الارم بجا، اور گاہکوں اور عملے کو بھی واقعہ کا علم ہوا۔ اس کے بعد درجنوں مشتعل صارفین بینک کے سامنے جمع ہو کر نعرے لگانے لگے۔
عینی شاہدین نے پولیس کو اطلاع دی کہ ہفتے کی رات کئی مردوں کو ایک ملحقہ پارکنگ گیراج کی سیڑھیوں پر بڑے بیگ اٹھائے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس سے شبہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہی ملزمان تھے۔
پولیس نے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے اور تمام دستیاب شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یہ واردات اس لحاظ سے بھی قابل ذکر ہے کہ چوروں نے فلمی انداز میں بینک کی دیوار میں سوراخ کر کے یہ بھاری رقم چرا لی، جو بینک سکیورٹی کے لیے ایک بڑا انتباہ ہے۔

