پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی کے باوجود بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور مصافحہ بھی کیا، جسے سیاسی حلقوں میں ایک حیران کن پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات ڈھاکا میں ہوئی، جہاں دونوں رہنما بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کے لیے موجود تھے۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر اسپیکر قومی اسمبلی کے پاس پہنچے اور دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار تبادلہ خیال بھی ہوا۔
یہ ملاقات مئی میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد اعلیٰ سطح پر پہلی براہِ راست ملاقات ہے۔ مئی میں جنگ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی تھی اور سیاسی و سفارتی رابطے معطل ہو گئے تھے۔
یاد رہے کہ پاک بھارت جنگ کے بعد بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے روک دیا تھا، تاہم دیگر کھیلوں میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اب بھی ہاتھ ملا رہے ہیں۔
اس سے قبل بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے پاکستان میں گزشتہ برس شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی تھی، جس دوران ان کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔

