اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گزشتہ ماہ ریکارڈ ٹیکس ریونیو جمع کر کے ملک کی آمدنی میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
ایف بی آر حکام نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دسمبر 2025 میں ایف بی آر نے 1427 ارب 10 کروڑ روپے ٹیکس ریونیو جمع کیا، جو ماہانہ ہدف 1446 ارب روپے کا تقریباً 99 فیصد ہے۔ حکام کے مطابق یہ کسی بھی سال کے دسمبر میں اب تک کی سب سے زیادہ ٹیکس وصولی ہے۔
مزید برآں، ان لینڈ ریونیو سروس نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 1310 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 1308 ارب روپے وصول کیے، یعنی 99.8 فیصد ہدف حاصل کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے مقابلے میں دسمبر میں ٹیکس وصولی میں 59 فیصد اضافہ ہوا، نومبر میں وصولی 898 ارب روپے تھی، جو دسمبر میں بڑھ کر 1427.1 ارب روپے ہو گئی۔ ماہرین کے مطابق یہ کارکردگی ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے اور سرکاری آمدنی میں اضافہ حکومت کے مختلف منصوبوں اور اخراجات کی تکمیل میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

