سالِ نو کا پہلا سپر مون آج رات آسمان پر دکھائی دے گا، جس میں چاند معمول سے بڑا اور زیادہ چمکدار نظر آئے گا۔
پاکستان میں سپر مون کا آغاز شام 5 بجکر 51 منٹ پر ہوگا۔ سپارکو کے مطابق اس سپر مون کے دوران چاند اپنے عام سائز کے مقابلے میں تقریباً 6 سے 7 فیصد بڑا دکھائی دے گا۔ فلکیاتی ماہرین کے مطابق اس سپر مون کو روایتی طور پر وولف مون کہا جاتا ہے، اور اس کا سب سے خوبصورت منظر چاند کے طلوع کے وقت رات کے ابتدائی حصے میں دیکھا جا سکے گا۔
یہ سپر مون اکتوبر 2025 میں شروع ہونے والے سپر مون سلسلے کا آخری سپر مون ہوگا۔ سائنس دانوں کے مطابق سپر مون اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین کے عام فاصلے کے مقابلے میں زیادہ قریب آ جاتا ہے، جس کی وجہ سے یہ معمول سے زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ رات کے آسمان پر یہ مناظر دیکھنے والوں کے لیے نہایت دلکش تجربہ فراہم کرتے ہیں، اور خاص طور پر شہر کے روشن علاقوں سے دور، صاف آسمان والے علاقوں میں اس سپر مون کی رونق اور زیادہ نمایاں ہوگی۔

