سرگودھا میں بیٹے کو اغوا کرنے کے الزام میں باپ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق موہکہ کالونی کے رہائشی شخص نے اپنے ہی بیٹے کے اغوا کی جھوٹی اطلاع دی تھی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے معاملے کی مکمل تحقیقات شروع کیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بچہ اغوا نہیں ہوا بلکہ وہ اپنے رشتے داروں کے پاس موجود ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم ریاض نے جان بوجھ کر بیٹے کے اغوا کی جھوٹی رپورٹ درج کروائی تاکہ اپنی سابقہ بیوی کو اغوا کے مقدمے میں ملوث کیا جا سکے۔
پولیس نے بتایا کہ حقائق سامنے آنے کے بعد جھوٹی اطلاع دینے والے والد ریاض کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس نے یہ اقدام کن مقاصد کے تحت کیا اور اس میں کوئی اور فرد ملوث ہے یا نہیں۔
پولیس حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جھوٹی اطلاعات دینا سنگین جرم ہے اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

