کراچی: مائی کلاچی روڈ پر ماں اور تین بچوں کے قتل کے ملزم مسرور حسین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مقتولہ خاتون تعویذ کرتی تھی، جس کی وجہ سے وہ پریشان ہو کر خاتون اور بچوں کو قتل کر بیٹھا۔
مقتولہ انیلا کے بھائی مصطفیٰ نے بتایا کہ وہ بہن سے آخری بار ایک ہفتہ قبل فون پر بات کر چکے تھے، اور 30 دسمبر سے ان کا موبائل نمبر بند تھا۔ دو روز قبل جب وہ بہن کے گھر گئے تو دروازے پر تالا لگا ہوا تھا۔
مصطفیٰ نے مزید کہا کہ ڈھائی سال قبل بہن کو شوہر نے طلاق دی تھی، جس کے بعد انیلا خود بچوں کی کفالت کر رہی تھی۔ مقتولہ کی بھانجی اور دو بھانجے زیر تعلیم تھے اور انیلا کھارادر کی رہائشی تھی۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ اس واردات کے محرکات اور دیگر ممکنہ عوامل کا تعین کیا جا سکے۔

