بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) سے ریلیز کرنے کے معاملے کے بعد بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آئی سی سی سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کی منتقلی کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹس کے مطابق مستفیض الرحمان کے آئی پی ایل سے ریلیز ہونے کے بعد بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ اس پس منظر میں بی سی بی نے گزشتہ رات بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہنگامی ورچوئل میٹنگ بلائی، جس میں میڈیا کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ بنگلا دیش کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 3 میچز کولکتہ میں شیڈول ہیں، اور اس واقعے کے بعد آئی سی سی کو باضابطہ طور پر لکھا جائے گا۔
بنگلا دیش کے مشیر کھیل آصف نزرل نے بھی کہا کہ بھارت میں ٹیم کی سکیورٹی کے حوالے سے خدشات موجود ہیں، اور بی سی بی کو چاہیے کہ وہ آئی سی سی سے میچز سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ کرے۔
واضح رہے کہ بھارتی بورڈ نے انتہا پسندوں کے دباؤ میں آ کر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے ریلیز کرنے کی ہدایت دی، جس کے بعد شاہ رخ خان کی کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلا دیش کے فاسٹ بولر کو ریلیز کر دیا۔ اس اقدام کے بعد بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان سیاسی تناؤ بڑھ گیا ہے، جبکہ انتہا پسند مذہبی رہنماؤں اور سیاستدانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بنگلا دیش کے کھلاڑی بھارت میں نہ کھیلیں۔

