لاہور کی نجی یونیورسٹی میں طالبہ نے دوسری منزل سے چھلانگ لگادی، تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ڈی فارم کی 21 سالہ طالبہ فاطمہ نے یونیورسٹی کی عمارت کی دوسری منزل سے چھلانگ لگا دی۔ واقعے کے فوراً بعد یونیورسٹی انتظامیہ اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچا، جبکہ شدید زخمی حالت میں طالبہ کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق طالبہ فاطمہ ڈی فارم کی طالبہ ہے اور اس نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی۔ واقعے کے اسباب تاحال معلوم نہیں ہوسکے، تاہم پولیس اور متعلقہ ادارے معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجوہات سامنے آسکیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسی نجی یونیورسٹی میں ڈی فارم کے ایک اور طالبعلم نے بھی عمارت سے کود کر خودکشی کی تھی، جس کے بعد تعلیمی ادارے میں طلبہ کی ذہنی صحت اور دباؤ کے مسائل پر تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس تسلسل کے باعث والدین، طلبہ اور تعلیمی حلقوں میں بھی شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
نواب ٹاؤن پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی ذہنی صحت پر خصوصی توجہ دینے، کونسلنگ سسٹم مؤثر بنانے اور دباؤ کم کرنے کے اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں تاکہ اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

