پاکستان میں رمضان المبارک کے چاند کے حوالے سے اہم پیشگوئی سامنے آگئی ہے۔
سیکرٹری جنرل رویتِ ہلال ریسرچ کونسل خالد اعجاز مفتی کی جانب سے پاکستان میں رمضان المبارک، عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخوں سے متعلق پیشگوئی جاری کر دی گئی ہے۔ ان کے مطابق فلکیاتی حسابات اور چاند کی پیدائش و غروب کے اوقات کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہ اندازے لگائے گئے ہیں، تاہم حتمی اعلان ہمیشہ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند دیکھنے کے بعد ہی کیا جاتا ہے۔
خالد اعجاز مفتی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کا قوی امکان موجود ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں یکم رمضان المبارک 19 فروری کو ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس روز چاند کی عمر اور رویت کے امکانات ایسے ہوں گے جو رمضان کے آغاز کے لیے سازگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
عیدالفطر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ شوال کا چاند 20 مارچ کو نظر آنے کا امکان ہے، اس صورت میں پاکستان میں عیدالفطر 21 مارچ کو منائے جانے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر موسمی حالات اور مطلع صاف رہا تو شوال کے چاند کی رویت ممکن ہو سکتی ہے۔
عیدالاضحیٰ کے بارے میں پیشگوئی کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے بتایا کہ یکم ذوالحجہ 17 مئی کو ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق ذوالحجہ کے چاند کی رویت کے امکانات بھی فلکیاتی لحاظ سے مثبت دکھائی دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ تمام تاریخیں فلکیاتی اندازوں اور سائنسی مشاہدات کی بنیاد پر پیشگوئی کی گئی ہیں، جبکہ مذہبی طور پر حتمی فیصلہ چاند کی آنکھوں سے رویت کے بعد مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی عوام کی نظریں رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس پر مرکوز رہیں گی۔

