اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 5 جنوری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کیا گیا۔
کشمیر کے یومِ حقِ خود ارادیت کے موقع پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ 5 جنوری 1949 کو یو این کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے تاریخی قرارداد منظور کی، جس میں یہ طے پایا کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔ بدقسمتی سے بھارت کے غیر قانونی قبضے کی وجہ سے یہ وعدہ آج تک پورا نہیں ہو سکا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ آٹھ دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم بھارتی جبروتشدد کے ہتھکنڈے کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو کمزور کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے جابرانہ اقدامات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
خیال رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری یومِ حقِ خود ارادیت منا رہے ہیں، جس کا مقصد کشمیری عوام کے قانونی اور انسانی حقوق کی یاد دہانی اور ان کی جدوجہد کی حمایت کرنا ہے۔

