واشنگٹن/کاراکاس: وینزویلا کے ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے کیے گئے حملے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوئے۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق وینزویلا کے ایک سینئر عہدیدار نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکی کارروائی ہفتے کی علی الصبح کی گئی اور ہلاک ہونے والوں میں شہری اور فوجی اہلکار دونوں شامل ہیں۔
دوسری جانب امریکی حکام نے ابھی تک حملے میں کسی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوکس نیوز کے ساتھ گفتگو میں اپنے فوجیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کارروائی میں کوئی امریکی فوجی ہلاک نہیں ہوا، البتہ متعدد امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل ڈین کین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو نکالنے کے لیے امریکی ہیلی کاپٹرز نے کارروائی کی۔ اس دوران ایک ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا گیا، تاہم وہ پرواز کے قابل رہا اور تمام امریکی طیارے محفوظ طریقے سے واپس آگئے۔
یاد رہے کہ امریکی فوج نے ایک روز قبل وینزویلا کے دارالحکومت سمیت مختلف مقامات پر کارروائی کر کے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے نیویارک منتقل کیا۔
اس حوالے سے روسی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی حملوں میں وینزویلا کے دفاعی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا اور وینزویلا کے صدر صدارتی محل چھوڑ کر چلے گئے۔ یہ دعوے عالمی سطح پر کشیدگی اور متضاد اطلاعات کا باعث بن رہے ہیں، جس کے پیش نظر بین الاقوامی مبصرین حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

