ہرارے: پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر سمیر منہاس نے انڈر 19 کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین سنچری کا نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
پاکستان انڈر 19 کے ابھرتے ہوئے اوپنر سمیر منہاس نے منگل کے روز یوتھ ون ڈے کرکٹ میں شاندار تاریخ رقم کرتے ہوئے بھارتی کھلاڑی ویبھو سوریاونشی کا تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
یہ یادگار کارنامہ سمیر منہاس نے ہرارے میں پاکستان انڈر 19 اور میزبان زمبابوے انڈر 19 کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل میں انجام دیا، جہاں ان کی جارحانہ بیٹنگ نے شائقینِ کرکٹ کو حیران کر دیا۔
سمیر منہاس نے محض 42 گیندوں پر برق رفتار سنچری مکمل کی، جو یوتھ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری ثابت ہوئی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے ویبھو سوریاونشی کے پاس تھا، جنہوں نے گزشتہ سال جولائی میں انگلینڈ کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔
فائنل میچ میں سمیر منہاس نے زمبابوے کے خلاف شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 51 گیندوں پر 114 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کی اس جارحانہ اننگز میں 17 شاندار چوکے اور 5 طویل چھکے شامل تھے، جنہوں نے میچ کا نقشہ ہی بدل کر رکھ دیا۔
سمیر منہاس کی اس غیر معمولی بیٹنگ کی بدولت پاکستان انڈر 19 ٹیم نے زمبابوے انڈر 19 کی جانب سے دیا گیا 159 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا اور ون ڈے ٹرائی سیریز اپنے نام کر لی۔
یہ شاندار کامیابی نہ صرف پاکستان انڈر 19 ٹیم کے لیے فخر کا باعث ہے بلکہ سمیر منہاس کو عالمی سطح پر یوتھ کرکٹ کے ابھرتے ہوئے ستاروں میں نمایاں مقام بھی دلا گئی ہے۔

