بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کو گزشتہ رات آئی سی سی کی جانب سے ایک ای میل موصول ہوئی، جو بی سی بی کی جانب سے اتوار کو بھیجی گئی درخواست کے جواب میں تھی۔
بی سی بی نے سکیورٹی خدشات کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے باہر منتقل کرنے کی درخواست کی تھی اور بھارت نہ جانے کی وجہ سے ٹیم کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے اپنی ای میل میں بنگلا دیش سے ٹورنامنٹ کے حوالے سے سکیورٹی خدشات کی نوعیت اور تفصیل کے بارے میں پوچھا ہے تاکہ اس معاملے کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔ بی سی بی ذرائع کے مطابق بورڈ آج آئی سی سی کو تفصیلی جواب دے گا۔
بی سی بی کا مؤقف ہے کہ آئی سی سی کے حکام نے نہ تو کسی ورچوئل کال کے ذریعے رابطہ کیا اور نہ ہی بی سی بی کو یہ کہا کہ بھارت نہ آنے کی صورت میں ٹیم پوائنٹس سے محروم ہو جائے گی۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے منتقل کرنے کی بنگلا دیش کی درخواست مسترد کر دی ہے اور کہا ہے کہ اگر بنگلا دیش بھارت نہ گیا تو اسے پوائنٹس سے ہاتھ دھونا پڑ سکتے ہیں۔

