6 سال پرانی ویب سیریز نے وینزویلا پر امریکی قبضے کی پیش گوئی کر دی تھی؟
حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر امریکی ویب سیریز Jack Ryan کا ایک کلپ وائرل ہو رہا ہے، جس میں 6 سال قبل وینزویلا میں امریکی فوجی مداخلت کی منظر کشی کی گئی تھی۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ منظر موجودہ صورتحال سے حیران کن حد تک میل کھاتا ہے۔
ویب سیریز کے اس کلپ میں زور دیا گیا ہے کہ حقیقی خطرہ امریکا سے دور موجود ممالک میں نہیں بلکہ اپنے خطے میں بھی ہو سکتا ہے۔ کلپ میں وینزویلا کو ایک "ناکام ریاست” قرار دیا گیا، جس کے وسیع تیل اور معدنی وسائل موجود ہیں اور ملک شدید انسانی بحران سے دوچار ہے۔
یہ کلپ ایسے وقت میں دوبارہ زیرِ بحث آیا ہے جب 3 جنوری 2026 کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا میں فوجی کارروائی کرنے اور صدر نکولس مادورو کو گرفتار کرنے کے امکانات کا ذکر کیا۔ اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ویب سیریز کے اس منطر کو موجودہ حالات سے جوڑتے ہوئے اسے "پیش گوئی” قرار دیا۔
یاد رہے کہ ماضی میں امریکی کارٹون The Simpsons بھی اسی طرح کی مبینہ پیش گوئیوں کی وجہ سے خبروں اور سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہا ہے، جس میں کئی عالمی سیاسی واقعات کو پہلے سے پیش گوئی کے طور پر دکھایا گیا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس کلپ کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ فکشن اور حقیقت کے درمیان باریک حد فاصل کبھی کبھار حیران کن طور پر ملتی ہے، اور Jack Ryan کی یہ پیش گوئی اسی کی مثال بن گئی ہے۔

