برطانیہ نے روسی آئل ٹینکر ضبط کرنے والے امریکی آپریشن میں شمولیت کا اعتراف کر لیا
برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے تصدیق کی ہے کہ برطانیہ نے امریکی افواج کے بحر اوقیانوس میں روسی پرچم والے آئل ٹینکر کو ضبط کرنے کے آپریشن میں مدد فراہم کی۔ وزیر دفاع کے مطابق برطانوی مسلح افواج نے امریکی کارروائی میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
جان ہیلی نے کہا کہ برطانیہ نے امریکی درخواست پر جہاز کو ضبط کرنے کے عمل میں معاونت فراہم کی، جو کہ بین الاقوامی قانون کے دائرہ کار میں مکمل طور پر جائز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برطانوی افواج نے اس آپریشن کے دوران مکمل پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھا۔
یاد رہے کہ امریکی افواج نے بحرِ اوقیانوس میں روسی پرچم بردار آئل ٹینکر کو قبضے میں لیا، جس کے بعد روسی وزارت خارجہ نے اس اقدام کو بحری قزاقی قرار دیا اور سخت ردعمل ظاہر کیا۔ روسی وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا کہ امریکی افواج جہاز پر موجود روسی عملے کی حفاظت اور ان کی بحفاظت واپسی یقینی بنائیں۔
یہ معاملہ عالمی سطح پر تناؤ پیدا کر رہا ہے کیونکہ روسی آئل ٹینکر ضبط کرنے کا عمل بحر اوقیانوس میں بین الاقوامی پانیوں میں ہوا، اور اس کے قانونی اور سیاسی پہلوؤں پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔

