ٹرمپ کا اعلان: وینزویلا صرف امریکی مصنوعات خریدے گا، تیل کی آمدنی امریکی مفادات کے لیے استعمال ہوگی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا اپنی تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی صرف امریکی مصنوعات کی خریداری پر خرچ کرے گا۔ صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ اس میں زرعی مصنوعات، ادویات، طبی آلات، بجلی کے کارخانے اور توانائی کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے آلات شامل ہوں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا نے امریکا کو اپنے اہم تجارتی شراکت دار کے طور پر منتخب کیا، جو نہ صرف ایک عقل مندانہ انتخاب ہے بلکہ وینزویلا اور امریکا دونوں کے عوام کے لیے فائدہ مند ہے۔
ادھر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ وینزویلا صرف اسی صورت میں اپنا تیل بیچ سکے گا اگر یہ امریکی مفادات میں ہو۔ نائب صدر نے واضح کیا کہ اگر وینزویلا امریکی قومی مفادات کو پورا نہیں کرسکتا تو اسے تیل بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وینزویلا کی تیل کی پیداوار اور آمدنی عالمی توانائی منڈی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اور امریکا اس کے تجارتی تعلقات میں اپنے مفادات کو یقینی بنانے پر زور دے رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے وینزویلا کی معاشی پالیسی اور امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات میں واضح اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے عوام کو بھی اس سے فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

