اسلام آباد کے علاقے سنبل میں ایک افسوسناک حادثے میں 3 سالہ بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔ ترجمان آئی سی ٹی کے مطابق یہ واقعہ قبضے کی جگہ پر بنائی گئی مہر آبادی میں پیش آیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مہر آبادی میں کھدائی کرکے سیوریج کے لیے گڑھا بنایا گیا تھا، جس میں گرنے سے یہ چھوٹا بچہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ انہوں نے بتایا کہ پلاٹ میں کھدائی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں شہری علاقوں میں کھلے نالے اور گٹر عوام کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ کراچی میں رواں سال ایسے واقعات میں 5 بچوں سمیت 24 شہری کھلے ہوئے نالوں اور گٹروں میں گر کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔
حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کھلے گٹر اور نالوں کے قریب بچوں کو کھیلنے نہ دیں اور مقامی انتظامیہ فوری طور پر ایسے خطرناک مقامات کی حفاظت کرے۔

