چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا اور اس موقع پر آپریشنل تیاریوں، تربیتی مشقوں اور فوجی جوانوں کی فٹنس و مورال پر تفصیلی بریفنگ لی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے فارمیشن کی زیر اہتمام تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا اور مستقبل کی جنگوں کے لیے تیاری اور جدت اپنانے پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے لاہور کے سی ایم ایچ میں ہائی کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا اور طبی عملے اور انتظامیہ کی خدمات کو سراہا۔
لاہور گیریژن میں افسران سے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قومی سلامتی کو لاحق خطرات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور پاک فوج ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ پاک فوج کا اولین مشن ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور داخلی استحکام کے تحفظ کے لیے ثابت قدم ہیں اور افواج اعلیٰ معیار، نظم و ضبط اور بے لوث قومی خدمت کو فروغ دے رہی ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاک فوج جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور جوانوں کی جسمانی فٹنس اور مورال ہماری اولین ترجیح ہے۔

