برطانیہ میں برفانی طوفان گوریٹی، ویسٹ مڈلینڈز میں دہائی کی شدید ترین برفباری ریکارڈ
برطانیہ میں برفانی طوفان گوریٹی کے باعث ویسٹ مڈلینڈز ریجن میں گزشتہ دہائی کی شدید ترین برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔
برفانی طوفان کے دوران 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلتی رہیں، جس کے باعث برمنگھم ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے رن وے بند کرنا پڑ گیا جبکہ متعدد فلائٹس منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کارنوال میں ہواؤں کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ انتظامیہ نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
دوسری جانب لندن میں بھی شدید سرد موسم کے باعث شہری گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، جبکہ ویسٹ مڈلینڈز ریجن میں طوفان گوریٹی کے پیش نظر ایمبر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ خراب موسمی حالات مزید برقرار رہنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر ہنگامی ادارے الرٹ ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

