ملالہ یوسفزئی کا جنگ زدہ علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے 3 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان
نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے جنگ سے متاثرہ علاقوں غزہ، سوڈان اور کانگو میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے 3 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس امدادی رقم میں سے ایک لاکھ ڈالر غزہ، ایک لاکھ ڈالر سوڈان اور ایک لاکھ ڈالر ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں لڑکیوں کی تعلیم کے منصوبوں کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔
ملالہ یوسفزئی نے تنازعات کا شکار علاقوں میں زندگی کی شدید مشکلات کا سامنا کرنے والی لڑکیوں سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جو جنگ، غربت اور ناانصافی کے خلاف سب سے مضبوط ہتھیار ثابت ہو سکتی ہے۔
انہوں نے حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہر حال میں لڑکیوں کے تعلیم کے حق کا تحفظ یقینی بنائیں، جبکہ بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ جنگی جرائم کے مرتکب عناصر کو عالمی قوانین کا پابند بنائیں۔
ملالہ یوسفزئی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کے مستقبل اور بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں امید اور ترقی کا راستہ ہموار ہو سکے۔

