دی ڈپلومیٹ: بہترین سفارت کاری کی بدولت پاکستان خطے میں مرکز نگاہ بن گیا
عالمی جریدے دی ڈپلومیٹ کے مطابق بہترین سفارت کاری کے باعث پاکستان خطے میں مرکز نگاہ بن گیا ہے۔ جریدے نے کہا کہ چین نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے مؤثر کردار اور بہترین سفارت کاری کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ حکومت، ریاستی ادارے اور عوام کے قومی معاملات پر یکساں دوٹوک مؤقف کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ چین پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور سرحدوں سے باہر بھی مؤثر کردار ادا کرنے والا ملک سمجھتا ہے۔
چین نے امریکہ سے بہتر تعلقات کے ساتھ پاک-چین دوستی کو بھی درست سمت میں بڑھتے ہوئے قرار دیا ہے اور پاکستان کے عالمی اور علاقائی معاملات میں اہم کردار کی حمایت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین سلامتی کونسل اور ایس سی او کی صدارت کے لیے پاکستان کو بہترین اور موزوں ملک تصور کرتا ہے، اور پاکستان بھی چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں اسٹرٹیجک شراکت داری کو اہم سمجھتا ہے۔ چین نے ایک بار پھر پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
چین نے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا اور افغان حکومت کو اعتدال پسندی اور پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم رکھنے کی تاکید کی۔ جریدے نے کہا کہ خطے اور عالمی سطح پر پاکستان کی موجودہ پالیسیوں کی حمایت پاکستانی مؤقف کی بھرپور توثیق ہے۔

