پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں گہری دھند کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم ون صوابی سے پشاور تک، ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے بلکسر، ایم 3 فیض پور سے سمندری اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ موٹروے ایم 5 شیرشاہ سے سکھر جبکہ ایم 11 لاہور سے سمبڑیال تک بھی بند ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ آئندہ دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

