ایران کے اقوامِ متحدہ میں مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران میں اشتعال انگیزی اور تشدد کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔
ایرانی سفیر امیر سعید ایروانی نے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے سے متعلق امریکی اقدامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اس حوالے سے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔
سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں ایرانی سفیر نے امریکی اقدامات کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل مشترکہ طور پر ایسے اقدامات کر رہے ہیں جو خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہے ہیں۔
امیر سعید ایروانی نے مزید کہا کہ امریکی اقدامات غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ ہیں، جبکہ امریکا کی پالیسیاں نہ صرف عالمی امن بلکہ بین الاقوامی قوانین کے لیے بھی سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔

