بھارت کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر دوران میچ انتقال کر گئے
بھارت کی ریاست میزورم سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ سابق رنجی ٹرافی کرکٹر Khawlhring Lalremruata میچ کے دوران اچانک گرنے کے بعد انتقال کر گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ خالد میموریل سیکنڈ ڈویژن اسکریننگ ٹورنامنٹ کے ایک میچ کے دوران پیش آیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق Khawlhring Lalremruata 7 جنوری کو مقامی کرکٹ میچ کے دوران اچانک پچ پر زمین پر گر پڑے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ زمین پر گرنے کے فوراً بعد کرکٹر کو طبی امداد فراہم کی گئی اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے بعد ازاں ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
واقعے کے بعد اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے احتراماً تمام طے شدہ میچز منسوخ کر دیے۔
واضح رہے کہ Khawlhring Lalremruata ایک سابق رنجی ٹرافی کرکٹر تھے، جنہوں نے میزورم کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 فرسٹ کلاس میچز اور 7 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں حصہ لیا۔ پروفیشنل کرکٹ سے کنارہ کشی کے باوجود وہ مقامی کرکٹ سرگرمیوں میں متحرک رہے۔

