ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ فرعون، نمرود اور رضا شاہ کے ساتھ جو ہوا، وہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بھی ہو گا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ غرور میں ڈوبا ایک شخص پوری دنیا کے فیصلے کر رہا ہے اور اسے یہ سمجھنا چاہیے کہ اقتدار کے عروج پر طاقتور ترین حکمرانوں کے ساتھ کیا ہوا۔
ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل کو ایران میں جاری فسادات کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ ایرانی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل لوگوں کو ہدایات دے رہے ہیں کہ وہ تخریب کاری کریں اور ان کے ساتھ ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ماضی میں ایران پر حملے کیے۔
صدر مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ کسی غیر ملکی کو ایرانی قوم میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران مذاکرات کرنا چاہتا ہے اور ملاقات کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف بہت طاقتور آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔

