پاکستان کی سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے پاکستانی ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے ساس بہو کے موضوعات پر مبنی ڈراموں کی حمایت کر دی ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ثمینہ احمد نے کہا کہ بہت سے لوگ تنقید کرتے ہیں کہ ساس بہو کے موضوعات پر کیوں ڈرامے بنائے جاتے ہیں۔ اداکارہ کے مطابق یہ زیادہ تر مرد ہوتے ہیں جو تنقید کرتے ہیں، اور وہ خود ڈرامے دیکھتے بھی نہیں، لیکن خواتین کے مسائل پر مبنی ڈراموں پر رائے دیتے ہیں۔
ثمینہ احمد نے کہا کہ ہر چیز کے دو پہلو ہوتے ہیں، اور ان ڈراموں نے خواتین کے حقوق کے حصول اور انہیں بااختیار بنانے میں مدد دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بہت سی خواتین اداکاری کے میدان میں آرہی ہیں اور اب ماحول پہلے جیسا نہیں رہا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کبھی ایسا ہوتا تھا کہ وہ سیٹ پر اکیلی خاتون ہوتی تھیں اور باقی سب مرد، لیکن اب اس میں کافی تبدیلی آئی ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ جو ڈراموں میں دکھایا جاتا ہے، وہ سب ہمارے گھروں میں واقعی ہوتا ہے، اور یہ ڈرامے ہماری زندگی کی کہانیاں بیان کرتے ہیں۔

