اسلام آباد: جی سیون ٹو آبپارہ میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کو ایچ ایٹ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
حادثے میں جانیں گنوانے والوں میں دلہا شہریار، دلہن مہک اور دلہا کی والدہ سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شامل تھے۔ باقی دو افراد کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ اس حادثے میں مجموعی طور پر آٹھ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 9 کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ دھماکا شادی کی تقریب والے گھر کے پڑوس میں ہوا۔ زوردار دھماکے کی شدت سے چار گھر تباہ ہو گئے اور شادی کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے مطابق اتوار کو صبح 7 بج کر 20 منٹ پر دھماکے کی اطلاع ملی، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے۔

