نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں ایران کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی کو فون کیا اور خطے کی صورتحال پر بات چیت کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا اور پاک ایران سفارتی روابط کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ رابطے کے ذرائع بحال ہیں۔ ان کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف کے درمیان رابطے کھلے ہیں اور ضرورت پڑنے پر پیغامات کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ روایتی ثالث سوئٹزرلینڈ کے ذریعے بھی رابطے برقرار ہیں، امریکا کی جانب سے کچھ معاملات اور عمومی خیالات سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کبھی مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹا تاہم امریکا کی طرف سے متضاد بیانات سنجیدگی کے فقدان کو ظاہر کرتے ہیں۔
