وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے معاون خصوصی شفیع جان نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ حکومت پاکستان تحریک انصاف سے گھبرا گئی ہے، اسی لیے کراچی کے جناح باغ میں آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔
اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ کراچی میں مینڈیٹ پی ٹی آئی کا تھا، ہماری سیٹیں ہم سے چھینی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ جو کچھ ہوا، اس کے بعد حکومت کس منہ سے ہمارے ساتھ مذاکرات میں بیٹھنا چاہتی ہے؟
شفیع جان نے مزید کہا کہ ہم طے کر چکے ہیں کہ مفاہمت کا راستہ مزاحمت سے ہی نکلے گا۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے شفیع جان کے تمام الزامات مسترد کر دیے۔
شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کا راستہ بند نہیں کیا گیا، انہیں جلسے کی اجازت دی گئی تھی، مگر پی ٹی آئی سڑک پر احتجاج کرنا چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کہ سڑک پر 50 افراد بھی 500 نظر آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ خیبر پختونخوا پر توجہ دے اور وہاں کے مسائل حل کرے۔

