امریکا نے ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خبردار کیا کہ ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے تمام ممالک پر 25 فیصد ٹیرف لاگو ہوگا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ حکم حتمی ہے اور اس پر فوری طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ ان کے مطابق جو بھی ملک ایران کے ساتھ کاروبار کرے گا، اسے امریکا کے ساتھ ہونے والی ہر قسم کی تجارت پر 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کا یہ اقدام ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
یاد رہے کہ ایران میں حکومت کے خلاف مظاہرے جاری ہیں اور ایک امریکی انسانی حقوق تنظیم کے دعوے کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 490 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اس سے قبل بھی امریکی صدر ایرانی حکومت کو مظاہرین کے قتل پر سخت وارننگ دے چکے ہیں۔ گزشتہ روز اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے خلاف مختلف آپشنز زیر غور ہیں جن میں فوجی کارروائی بھی شامل ہے۔

