پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کی ملکیت کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے باقاعدہ طور پر فرنچائز کی فروخت کے لیے اشتہار جاری کر دیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق ملتان سلطانز کے فرنچائز رائٹس کے حصول کے لیے خواہشمند اور اہل پارٹیز کو بڈز جمع کرانے کی دعوت دے دی گئی ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل پروپوزلز جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جنوری مقرر کی گئی ہے۔
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق صرف وہی بڈرز اگلے مرحلے میں داخل ہوں گے جو تکنیکی طور پر کوالیفائیڈ قرار پائیں گے، جس کے بعد مالی بولیوں کا مرحلہ شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ حالیہ آکشن کے دوران پی سی بی نے پی ایس ایل کی دو نئی ٹیمیں فروخت کی ہیں۔ آئندہ سیزن پی ایس ایل 11 میں پہلی بار 8 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی، جن میں حیدر آباد اور سیالکوٹ کی نئی فرنچائزز بھی شامل ہوں گی۔
یہ پیش رفت پی ایس ایل کی توسیع اور لیگ کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

