بالی وڈ اداکارہ اور ٹی وی پرسنیلیٹی ارچنا پورن سنگھ میں نایاب طبی مرض کمپلیکس ریجنل پین سِنڈروم (CRPS) کی تشخیص ہوئی ہے۔
ارچنا کی خراب صحت سے متعلق انکشاف ان کے بیٹے آیوشمان سیٹھی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کے ذریعے کیا۔
آیوشمان کے مطابق ان کی والدہ کو یہ بیماری 2025 میں فلم ’وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو‘ کی شوٹنگ کے دوران کلائی میں چوٹ لگنے کے بعد لاحق ہوئی، جس کے باعث ارچنا سنگھ کا ہاتھ مستقل طور پر متاثر ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ شدید درد کے باوجود ارچنا سنگھ نے فلموں اور ویب سیریز میں کام جاری رکھا اور 60 برس کی عمر میں اپنا یوٹیوب چینل بھی شروع کیا۔
سی آر پی ایس (CRPS) کیا ہے؟
ماہرین کے مطابق CRPS ایک دائمی اعصابی درد کی بیماری ہے، جس میں چوٹ کے بعد درد معمول سے کہیں زیادہ شدید اور دیرپا محسوس ہوتا ہے، حتیٰ کہ زخم ٹھیک ہونے کے بعد بھی درد برقرار رہتا ہے۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ اس مرض میں اعصابی نظام درد کے سگنلز کو درست طریقے سے کنٹرول نہیں کر پاتا، جس کی وجہ سے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی مسلسل بڑھا چڑھا کر درد کے پیغامات بھیجتی رہتی ہیں۔
اس بیماری میں درد جلنے یا چبھنے جیسا ہوتا ہے اور معمولی درد یا درجہ حرارت میں تبدیلی بھی شدید تکلیف کا باعث بن سکتی ہے۔ متاثرہ عضو میں سوجن، جلد کے رنگ میں تبدیلی، پسینہ زیادہ آنا، اکڑن اور کمزوری جیسی علامات بھی ظاہر ہو سکتی ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق CRPS جان لیوا نہیں، لیکن زندگی بدل دینے والی بیماری ضرور ہے، اور اس بارے میں آگاہی بہت ضروری ہے تاکہ مریض بروقت علاج حاصل کر سکیں۔

